ٹیوٹا پنجاب کے بڑے شہروں میں پرائیویٹ سیکٹرکے اشترا ک سے مشہور آؤٹ لیٹس پر اپنی مصنوعات کی نمائش کرے گی ‘عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا ملتان میں واقع ادارے کو اپ گریڈ کر رہا ہے اور یہ منصوبہ اس قدیم فن کی ترویج کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گا‘تقریب سے خطاب

اتوار 24 جنوری 2016 15:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء ) ٹیوٹا پنجاب کے بڑے شہروں میں پرائیویٹ سیکٹرکے اشترا ک سے مشہور آؤٹ لیٹس پر اپنی مصنوعات کی نمائش کرے گی جس کا آغاز ہوم گیلری ڈیفنس میں مصنوعات رکھ کر کیا جا رہا ہے ،یہ اشتراک قدیم ملتانی فن (بلوپوٹری) کے فن کی تشہیر اور مارکیٹنگ کیلئے مدد گار ثابت ہو گا ،پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ٹیوٹا کو اس منصوبے کے ذریعے قدیم فن کو پنجاب بھر میں متعارف کرانے کا موقع ملے گا ۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ہوم گیلری ڈیفنس میں ٹیو ٹا کے ادارے بلو پوٹری کی شاپ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔سی ای اوہوم گیلری عامر حفیظ باجوہ ،چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ممبران ایگزیکٹیوکمیٹی لاہورچیمبر رضوان شمسی، ناصر ہ تسکین،ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ،اظہر اقبال شاد، عمر فاروق، مقصود احمد، مصطفی کمال پاشا ، عامر حسن ،سرفراز انور اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا اس فن کو عوام میں اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کو سرامکس بالخصوص بلو پوٹری کے شعبے میں فنی تربیت دی جا چکی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہوم گیلری ڈیفنس میں رکھی جانے والی ٹیوٹا مصنوعات زیر تربیت نوجوانوں نے خود ماہر اساتذہ کی نگرانی میں تیار کی ہیں ۔مزید برآں یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ سیکٹر اشتراک کی روشن مثال ہو گا اور ٹیوٹا مستقبل میں اس طرز پر دیگر مشہور آؤٹ لیٹس پر اپنی مصنوعات کی نمائش کرے گی ۔

چیئر پرسن نے مزید کہا کہ یہ اشتراک اس فن کی وسیع پیمانے پر نمائش کیلئے مدد گار ثابت ہو گا اوراس اقدام سے اس صنعت کو مزید تقویت ملے گی ۔مزید کہا کہ ٹیوٹا اس شعبے سے جڑے ہوئے اپنے ملتان میں واقع ادارے کو اپ گریڈ کر رہا ہے اور یہ منصوبہ اس قدیم فن کی ترویج کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گا ۔اس تقریب میں مختلف طبقہ ہائی زندگی کے افراد بشمول اس صنعت سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور انہوں نے ٹیوٹا کی فنی تعلیم کی ترقی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :