فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کی12رکنی میڈیکل ٹیم ادویات اور امدادی سامانلیکر تھر پارکر روانہ

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کی12رکنی میڈیکل ٹیم لاکھوں روپے مالیت کی ادویات اور دیگر امدادی سامان کے ہمراہ تھر پارکر روانہ ہو گئی۔مرکز القادسیہ چوبرجی سے روانہ ہونے والی ٹیم میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہیں۔ایف آئی ایف کی امدادی ٹیم لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کے علاوہ گرم جرسیاں،کپڑے،کمبل ،جوتے اور بچوں کے کھلونے لیکر روانہ ہوئی ہے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ٹیم تھر کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گی اور علاج معالجہ کرے گی۔ امدادی سامان تھرپارکر کے دور دراز گوٹھوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کے مسئول محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ایف آئی ایف کے رضاکار تھرپارکر کے دوردراز علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے روز اول سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

صحرائے تھر میں صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے ضروریہ کی بھی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ نومولود بچے اور ان کی مائیں صحت بخش غذا اور علاج معالجہ کی بہتر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھر کے باسیوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیں گے، ہر سطح پر ان کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ تھر کے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے لاہورسے مزید امدادی سامان روانہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :