کراچی، چیئرمین پانی ماحولیات فورم نثار اے میمن کا اوورسیز چیمبرز آف کامرس کا دورہ

ہفتہ 23 جنوری 2016 13:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) ماحولیاتی تبدلیوں پرآگاہی فراہم کرنے کیلئے چیئرمین پانی ماحولیات فورم نثار اے میمن نے اوورسیز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پراو آئی سی سی آئی کے صدرعاطف باجوہ ،نائب صدر شہاب رضوی اور سیکریٹری جنرل عبدالعلیم نے نثار اے میمن کا استقبال کیا۔اس موقع پر نثار میمن نے درجہء حرارت میں اضافے، فضاء میں کاربن ڈائی آکسائیڈکی سطح، گرم طوفانوں اورسطح سمندر کے وجہ سے ہونے والی موسمی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی۔

جس کے اثرات پاکستان میں خشک سالی، خوراک کی قلت میں اضافہ اور بار بار سیلابوں کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے اور شہروں کی تباہی اورگرمی کی وجہ سے کثرتِ اموات کی صورت میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی موجودہ حکومت کا اہم ایجنڈا ہے اور اس سلسلے میں پہلی دفعہ ایک علیحدہ وزارت قائم کی گئی ہے تاہم موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تحقیق اور صوبائی مشاورت سے قومی پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں گلیشیئرز کے پگھلنے اور سیلابوں کے آنے کیلئے ابتدائی انتباہ کے نظام ، پانی اور ماحول کی حفاظت جیسے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پرپبلک پرائیوٹ اشتراک کی بھی ضرورت ہے۔او آئی سی سی آئی کے صدر عاطف باجوہ نے اس موقع پر نثار اے میمن سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کیلئے سب سے اہم یہ موضوع ہونا چاہیئے کیونکہ ہرسال پانی ضائع ہوجانے کی وجہ سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔

پانی کو ہم محفوظ کرکے بجلی بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔اس موقع پر شرکاء نے کارپوریٹ سیکٹر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے اس ایشو کے حوالے مزید آگاہی کی اہمیت پر زور دیا ۔نثار اے میمن نے شرکاء سے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کسی بھی قسم کے مدد کیلئے رابطے میں رہنے کی بھی درخواست کی۔