عالم اسلام کی مشکلات کی وجہ رسول اکر م کی تعلیمات کے مطابق سیاسی نظام کا فقدان ہے‘ علامہ نیاز نقوی

مسلمانوں میں فرقوں کی تقسیم اسلامی نہیں، استکباری ہے‘ نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2016 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء )وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے عالم اسلام کی موجودہ مشکلات کا سبب رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہٰ وسلم کی تعلیمات کے مطابق اسلامی ممالک میں سیاسی اور انتظامی نظام کے فقدان کو قراردیتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے مسلمانوں پر غلط حکومتوں کے تسلط کی وجہ سے امت مسلمہ زبوں حالی کا شکار رہی ۔

علی مسجد جامعہ المنتظر میں خطبہ جمعہ میں علامہ نیازنقوی نے کہا کہ اسلامی تاریخ کے اس المیہ کی ذمہ داری دیندار طبقہ پر بھی عائد ہوتی ہے جو سیاسی مسائل سے لاتعلق ہو گئے،اگر ہر دور میں انبیاء کے حقیقی پیروکار اپنی اجتماعی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے سیاست اور حکومت کے امور میں کردار ادا کرتے تو حالات اس حد تک خراب نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

جہاں اب مطلق العنانیت نے پہنچا دیے ہیں، بدکرداراور نااہل حکمران مسلم ممالک پر مسلط ہیں،یہاں جاری دہشت گردی کی کڑیاں بھی انہیں حکمرانوں سے ملتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں میں فرقوں کی تقسیم اسلامی نہیں، استکباری ہے، قرآن مجیدمیں کسی بھی فرقہ سنی شیعہ، اہل حدیث اور دیوبندی کابطور فرقہ ذکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان فرقوں کو مزید تقسیم کرنے اور اسلام کو کمزور کرنے کے منصوبے پر عمل جاری ہے، جسے ناکام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ چارسدہ میں سفاکانہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے علامہ سید نیاز حسین نقوی نے اسے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کا تسلسل قرار دیا ۔

انہوں نے کہا دہشت گردقوم کے ہر طبقہ کے دشمن ہیں ان کا مقصد ملک کو کمزور کرنا ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے تاحال موجود چیلنج سے نمٹنے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کی مثالی حمایت سے فائدہ اٹھایا جائے اور ایکشن پلان پر کسی رو رعایت کے بغیر عملدرامد کو یقینی بنایا جائے،دہشت گردوں کے سرپرستوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔

ایران پر بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے اسے تمام مسلمانوں کی کامیابی قرار دیا ۔ ا نہوں نے کہا کہ جوہری معاملات پر ایرانی مؤقف کا درست تسلیم کیا جانا بہت اہم کامیابی ہے کیونکہ پابندیوں سے تمام مسلمان متاثر ہو رہے تھے۔ان کاکہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے مسائل کو اجتماعات اور بالخصوص خطبہ جمعہ میں بیان کرنا ضروری قراردیتے ہوئے امام جعفر صادق علیہ السلام کی مشہور حدیث کی وضاحت کی کہ حالات حاضرہ سے آگاہ مسلمان کبھی دھوکہ نہیں کھاتا اور اپنی ذمہ داری کا صحیح ادراک کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کسی مسلمان کا یہ عذر قبو ل نہیں کیا جا سکتاکہ کسی دوسرے شہر یا ملک کے مسلمانوں کے مسائل سے اس کا کیا تعلق ہے؟