وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے دیہاتوں میں بجلی کے منصوبوں کے لئے 3ارب روپے کی منظوری دے دی

کراچی کے 50دیہاتوں کو رواں سال بجلی فراہم کرنے کے لئے 60کروڑ روپے علیحدہ سے فراہم کئے گئے ہیں،سید قائم علی شاہ

جمعہ 22 جنوری 2016 21:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے کے دیہاتوں میں بجلی کے منصوبوں کے لئے 3ارب روپے کی منظوری دے دی ہے ،جس سے صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبے پر ہر سال 1ارب روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 3سال میں مکمل ہوگا۔سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے 50دیہاتوں کو رواں سال بجلی فراہم کرنے کے لئے 60کروڑ روپے علیحدہ سے فراہم کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ انرجی ڈپارٹمنٹ 2000چھوٹے بڑے دیہاتوں کو بجلی پہنچائے گا۔ انہوں نے سیکریٹری انرجی آغا واصف کو منصوبوں کی نگرانی کرنے کے ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس وقت جبکہ ملک انرجی کے بحران سے گزر رہا ہے، لہذا موجودہ سندھ حکومت نے انرجی کے شعبہ کوخصوصی ترجیح دیتے ہوئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نہ صرف یہ کہ حوصلہ افزائی کی بلکہ انہیں خصوصی ترغیبات بھی دیں ہیں۔

تاکہ انرجی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ کے دیہی باالخصوص پس ماندہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی تاکہ پس ماندہ علاقوں کے لوگوں کو بھی صوبہ کے دیگر علاقوں کی طرح بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ میں دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں اس حوالے سے تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔