باچاخان یونیورسٹی چارسدہ سانحہ‘متعدد مشتبہ افراد گرفتار‘ تفتیش جاری

جمعہ 22 جنوری 2016 21:17

پشاور۔22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء)باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفتیش جاری ہے‘ضلع چارسدہ میں متعدد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ تھانہ سر ڈھیری کی حدود میں واقع دو سرو کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 9 افراد کو حراست میں لے لیاگیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دو سرو کا علاقہ باچا خان یونیورسٹی کے عقب میں 3 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔حساس اداروں نے شبقدر کے علاقے میں بھی کارروائی کے دوران 4 افراد کو گرفتار کیاجن پر شبہ ہے کہ انہوں نے دہشت گردوں کو پناہ دی تھی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیراعلی پرویزخٹک نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد سیل ہوجانی چاہیے اور پاسپورٹ کے بغیر کسی کو پاکستان میں داخل نہیں ہونے دینا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر چارسدہ طاہر ظفرعباس نے کہاہے کہ شہید افراد کے ورثا کو خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے فی کس 20، 20 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کیلئے 4،4لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔