نیٹکو کے ایم ڈی محمد سعید اﷲ یوسفزئی اور جی ایم گلزار کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی

دونوں کو عہدوں سے معطل کیا جائے تاکہ شفاف انکوائری عمل میں لائی جائے ، ملک عبادت خان

جمعہ 22 جنوری 2016 18:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) آل پاکستان پیپلز ورکرز یونین نیٹکو CBA کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل سعید ویلج میں منعقد ہوا جس میں یونین کے عہدیداران اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد فاروق نے کہا کہ نیٹکو میں ہونے والی کروڑوں کی کرپشن کی انکوائری نیب /ایف آئی اے کو سونپنے پر ہم چیف سیکریٹری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دوران انکوائری ایم ڈی نیٹکو اورجی ایم گلزار کو معطل کیا جائے تا کہ انکوائری میں آنے والی رکاوٹیں دور ہوسکیں ایم ڈی محمدسعید اﷲ یوسفزئی اور جی ایم گلزار سابقہ انتظامیہ کی آشیر آباد پر دونوں ہاتھوں سے کرپشن کررہے ہیں ہم نیب اور ایف آئی اے سے شفاف انکوائری کی امید کرتے ہیں کہ وہ ان کرپٹ مافیا کو عدالتی کٹہرے میں لائیں گے جبکہ یونین کے صدر ملک عبادت خان نے اپنے بیان میں کہا کہ DAEWOOٹرکوں پر باڈی بنانے کے بجائے صرف پھٹہ لگایا گیا ہے جو کہ انتہائی ناقص ہے جس پر 4لاکھ لاگت آتی ہے جبکہ اس کو 8لاکھ ظاہر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جگہ جگہ جرمانہ وصول کیا جاتاہے اور گندم کا پرائیویٹ ٹرکوں کو ٹھیکہ دیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ پرائیویٹ ٹرک 20جبکہ نیٹکو کے 4ٹرک جاتے ہیں صرف کمیشن اور کرپشن کی خاطر ادارے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جارہاہے اجلاس میں موجود یونین کے چیئرمین بابو ادریس کا کہنا تھا کہ جب تک کنٹریکٹ مافیا کا خاتمہ نہیں ہوگا ادارہ ترقی کے بجائے تنزل کا شکار ہوتا رہے گا ہم ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کنٹریکٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے ان کا کہنا تھا ان کرپٹ لوگوں کی وجہ سے مزدور وں کا گزر بسر مشکل سے دوچار ہے جبکہ یہ لوگ دونوں ہاتھوں سے ان کے حقوق کو غصب کرنے میں مصروف ہیں ہماری یونین نے چاٹرآف ڈیمانڈ 29مطالبات پر مشتمل دیا ہوا ہے جو جلد ہی عدالتی فیصلے کی روشنی میں منظور ہوکر مزدوروں کیلئے خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا