بدترین شکست کے ساتھ بدترین ریکارڈ بھی گرین شرٹس کے نام

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز پیر سے ہوگا

جمعہ 22 جنوری 2016 18:25

بدترین شکست کے ساتھ بدترین ریکارڈ بھی گرین شرٹس کے نام

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد پاکستان نے سیریز گنوانے کے ساتھ ساتھ ایک نیا بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔کوری اینڈرسن کی شاندار آل راوٴنڈر کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو آوٴٹ کلاس کرتے ہوئے 95 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

نیوزی لینڈ نے اینڈرسن کے جارحانہ 82 رنز کی بدولت 196 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا تاہم پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور 95 رنز کی بدترین شکست اپنے نام کر لی۔

(جاری ہے)

یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔

اس سے قبل پاکستان کو رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست آسٹرییا کے ہاتھوں 2012 میں ہوئی تھی جب کینگروز نے 94 سے فتح اپنے نام کی تھی۔نیوزی لینڈ نے 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی جب آئرش ٹیم کو 83 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس آغاز پیر کو ہونے والے ایک روزہ میچ سے ہو گا۔ ۔