دشمن راہداری کو ناکام بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں ،ہدایت الرحمن

جمعہ 22 جنوری 2016 16:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء)جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر اورتربت کو ترجیح بناکر یہاں کے عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو راہداری کامرکز بنایا جائے ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔اگر دشمن ہمارے ملک میں مداخلت کر رہاہے تویہ بھی ہمارے اداروں کی ناکامی ہیں دشمن راہداری کو ناکام بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کو جلداور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے۔

مشرف کے ناکام پالیسیوں کی وجہ سے افغان سرحدغیر محفوظ ہوگیا ہے اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب افواج کو رکھنا پڑا اگر یہی پالیسی جاری رہی تو ایران کیساتھ سرحد بھی غیر محفوظ ہوجائیگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ تربت کے دوران مختلف وفود اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی دینی وسیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے حکومت ملک میں امن وامان قائم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

کراچی،بلوچستان اور دیگر علاقوں میں حالات پہلے سے خاصے بہتر ہوئے ہیں مگر ابھی اس سلسلہ میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ فضاء دشمنوں کی سازشوں کاشاخسانہ ہے۔جس کے پیچھے بھارت کی ”را“اسرائیل کی”موساد“اور امریکی ”سی آئی اے“کی خفیہ کاروائیوں کاہاتھ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد امریکی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو برداشت کرناپڑا ہے مگربدقسمتی سے آج بھی پاکستان کو دنیا میں شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوجائزہ لیتے ہوئے قومی مفادات کوپیش نظر رکھ کرنئی خارجہ پالیسی بنائی جائے۔