خیبرپختونخوا میں بجلی ،گیس کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری

جمعہ 22 جنوری 2016 16:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) صوبائی دارلحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں بجلی اورگیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی،شہر اورگردنواح میں بجلی اورگیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے ،مضافاتی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک بجلی بندرہتی ہے جس سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،خیبرپختونخوامیں بجلی بندش کے ساتھ ساتھ گیس بندش نے رہی سہی کسر پوری کردی ۔

(جاری ہے)

پشاور،مردان،چارسدہ،ملاکنڈڈویژن ،کرک ،کوہاٹ ،نوشہرہ،تخت بھائی سمیت دیگر علاقوں میں 16گھنٹے بندش کی وجہ سے لوگوں کوشدیدمشکلات کاسامنا ہے،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کاروبارزندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے ،گھرو ں میں پانی تک دستیاب نہیں ،کیونکہ چوبیس گھنٹے میں کم وقت کیلئے بجلی فراہم کیجارہی ہے ،سردی میں اضافہ کیساتھ ہی گیس بھی غائب ہونا شروع ہوگیا ،شہر ی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافات میں بھی گیس پریشر انتہائی کم کردی ہے جس کی وجہ سے گھریلوں صارفین کوشدید مشکلات کاسامنا ہے ۔پورے صوبے میں بجلی اورگیس بندش سے تنگ عوام نے احتجاج کاسلسلہ بھی شروع کردیا ہے تاہم حکومت نے مکمل خاموشی اختیارکرلی ہے ۔