نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 95رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1سے جیت لی

جمعہ 22 جنوری 2016 14:44

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 95رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1سے جیت لی‘ پاکستان ٹیم 197رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.1اوورز میں 101رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘ پاکستان کی جانب سے 9بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے‘ سرفراز احمد41 اور شعیب ملک 14رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے‘ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور ایڈم ملن نے 3-3 اور کورے اینڈرسن نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کو میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا‘ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25جنوری کو ویلنگٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ‘ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں کورے اینڈرسن کی شاندار بلے بازی کے ذریعے 5وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنائے‘ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 82رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مارٹن گبٹل 42‘ کین ولیم سن 33 اور گرانٹ ایلیٹ 19رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 اور کپتان شاہد خان آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 197رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور محمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا 7رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب محمد حفیظ 2رنز بنا کر ٹرنٹ بولٹ کی گیند پر سینٹنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 15رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کے تین بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

احمد شہزاد 8 اور محمد رضوان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 197رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.1اوورز میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے 9بلے باز ڈبل فگر میں بھی نہ داخل ہوسکے۔ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 41 اور شعیب ملک نے 14رنز سکور کئے جبکہ عمر اکمل 5‘ شاہد آفریدی اور انور علی 8-8‘ وہاب ریاض 4‘ عماد وسیم 0 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور ایڈم ملن نے 3-3 اور کورے اینڈرسن نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کو میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25جنوری کو ویلنگٹن میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ون ڈے 28 اور آخری ایک روزہ میچ 31جنوری کو کھیلا جائے گا۔ (ن غ/ر ڈ)

متعلقہ عنوان :