حریت رہنماوٴں کا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو خراج عقیدت

جمعہ 22 جنوری 2016 14:32

سرینگر ۔ 22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماوٴں اور تنظیموں نے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوانوں کے قتل سے واضح ہو گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجی انسانی جانوں کا کوئی احترام نہیں کررہے ہیں اور انہیں لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا لائسنس دے دیاگیا ہے اور قتل عام کا یہ سلسلہ فوری طورپر نہ روکا گیا تو خطے میں انسانی حقوق کی پامالیاں مسلسل جاری رہیں گی ۔

شبیر شاہ نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقے میں فوجیوں کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران لوگوں کی طرف سے مظاہروں کو حق بجانب قراردیا ۔ انہوں نے کہاکہ پرامن اور نہتے لوگوں پر گولیاں برساناانتہائی قابل مذمت ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا ایک وفد شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے گیا ۔

مسلم دینی محاذنے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام کو اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ شہید کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مکمل ہڑتال کی ،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کو اپنے شہداء سے بہت پیار ہے ۔ حریت رہنماؤں آسیہ اندرابی، زم،رودہ حبیب ، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی اور ظفر اکبر بٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میں نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور پر امن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :