کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں

سید علی گیلانی کی 26جنوری کو ہڑتال کی اپیل

جمعہ 22 جنوری 2016 14:32

سرینگر ۔ 22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئر مین سید علی گیلانی نے 26جنوری کو کشمیریوں کیلئے یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے اس دن مکمل ہڑتال اور سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت چیئرمین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری بھارت یا اس کے عوام کے دشمن ہیں اور نہ وہ بھارت کی حدود میں اس کے یومِ جمہوریہ منانے کے مخالف ہیں، البتہ بھارت نے کشمیر پرفوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔

لہٰذا جموں و کشمیر اس قسم کی تقریبات کاکوئی اخلاقی اور آئینی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں دنیا کی ہر قوم کے حق خودارادیت کے احترام پرزوردیاگیا ہے اور اس حق کو ہر انسان کے بنیادی اور پیدائشی حق کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارے نے جموں وکشمیر کے مستقبل کے تعین کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنے کی سفارش کی ہے اور بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس سفارش کے مطابق جموں و کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا وعدہ بھی کیا تھاتاہم ابھی تک بھارت اپنے وعدوں کا ایفا نہیں کیا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ یہی وہ واحد وجہ ہے، جس کی بنیاد پر ہم جموں و کشمیر میں 26جنوری کی تقریبات کے انعقاد کے مخالف ہیں اور اس کو جمہوریت کے ساتھ ایک کھلا مذاق تصور کرتے ہیں۔انہوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے طالب علموں، اساتذہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات سے دور رہیں۔ سید علی گیلانی نے شہدائے گاوٴکدل کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس سانحے اور قتل عام کے دیگر تمام واقعات کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کامطالبہ بھی دہرایا ہے۔