26 جنوری کشمیریوں کے لئے یوم سیاہ ہے ، مکمل ہڑتال کی جائے ، سید علی گیلانی

جمعہ 22 جنوری 2016 14:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس”گ“ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 26 جنوری کو کشمیریوں کے لئے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے اس دن مکمل ہڑتال کرنے اور سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جو دنیا کی بڑی جمہوریہ ہونے کا دعویدار ملک ہے 26 جنوری کو اپنا یوم جمہوریہ مناتا ہے تاہم جموں و کشمیر میں اس کی جمہوریت کا دعوی بری طرح سے ایکسپوز ہو رہا ہے اور یہ ملک پچھلے 68 سال سے یہاں کے عوام کے جمہوری حقوق کو دباتا چلا آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت یا اس کے عوام کے دشمن ہیں اور نہ وہ بھارت کی حدود میں اس کے یوم جمہوریہ منانے کے مخالف ہیں تاہم جہاں تک کشمیر کا تعلق ہے تو اس کو بھارت نے چونکہ ملٹری مائیٹ کے ذریعے سے زبردستی اپنے ساتھ جوڑ رکھا ہے لہذا اس کے لئے جموں کشمیر کی سرزمین پر اس قسم کی کوئی تقریب منانے کا کوئی اخلاقی اور آئینی جواز نہیں ہے جس کا بھارت ڈھنڈورا پیٹتا ہے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر دنیا کی ہر قوم کے حق خودارادیت کے احترام کرنے کی بات کہی گئی ہے اور اس حق کو ہر انسان کے بنیادی اور پیدائشی حق کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :