باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کی یاد میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس

جمعہ 22 جنوری 2016 12:44

سکھر ۔ 22جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) سیاسی سماجی شخصیات ، تاجر برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے باچا خان یونیورسٹی چار سدہ میں دہشتگردی کے واقعہ پر اظہار افسوس و مذمت کیا ہے ۔ سکھر اسمال ٹریڈرزکی جانب سے تاجر سیکریٹریٹ میں اظہار افسوس کیلئے تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر حاجی جاوید میمن ،حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، پرویز چنہ، عامر فاروقی، رئیس قریشی، بابو فاروقی، احسان بندھانی، ذاکر بندھانی، محمد محسن، ظہیر بھٹی، محمد شاہ، معراج وارثی، بابا جھنڈے شاہ، صداقت خان و دیگر تاجروں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماوٴں نے چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں پروفیسر، طالبعلموں سمیت 22 افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور دکھ کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت دہشتگردوں کا حملہ بدترین ظالمانہ کارروائی ہے،دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے تاجر برادری سمیت پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اجلاس میں سانحہ باچا خان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے حملے میں شہید ہونیوالے پروفیسر، طالبعلموں اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جامعہ فیض العلوم میں شہدائے سانحہ چارسدہ باچا خان یونیورسٹی کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ قرآن خوانی و ایصال ثواب کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان نورانی کے مرکزی رہنما مولانا صاحبزادہ سید حامدمحمود شاہ فیضی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر تعلیمی اداروں اور درسگاہوں کو نشانہ بنا کر حصول علم کے جذبوں کو ختم نہیں کرسکتے۔

دہشت گرد نہ صرف اسلام ، پاکستان دشمن نہیں بلکہ وہ درندگی اور جہالت کے بدترین درجے پر ہیں سانحہ چارسدہ باچا خان یونیورسٹی دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔اس موقع پر مفتی پیر بخش باروی، مولانا سکندر ، حافظ نیاز احمد، کاشف انصاری، سچل سہروردی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔مذید براں سنی تحریک کے مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتو , ضلعی کنونےئر خرم شہزاد , انور کمال بلوچ دیگر نے پشاور کے علاقے چار سدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملہ میں طالب علموں اور اساتذہ کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور واقعہ کی شدید لفظوں میں مذمت کی ہے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کو کوئی مذہب نہیں ہے ،دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

علاوہ ازیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بھی چار سدہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :