باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے جیسے واقعات کے تدارک کے لئے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں،ناظم یونین کونسل 11نیبر ہڈ 31

جمعہ 22 جنوری 2016 12:42

پشاور۔22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) یونین کونسل 11 نیبر ہڈ 31 کے ناظم عرفان اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ بزدلانہ فعل ہے ‘ ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کو تعلیم سے دور نہیں رکھ سکتے ‘ ۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طورپر تعلیمی اداروں کو سیکورٹی فراہم کرے اور شہداء کے لواحقین کیلئے ہرقسم کی امداد کااعلان کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مناسب سکیورٹی نہ ہونے کی بناء پر اور اس قسم کے واقعات کی وجہ سے طلباء اور طالبات کے تعلیمی سال بھی خراب ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے واقعہ کے بعد باچا خان یونیورسٹی پر حملہ صوبائی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے کیونکہ ایسے واقعات کے تدارک کے لئے سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے جانے ضروری تھے ۔ آخر میں انہوں نے باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :