ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے وزیراعظم کا خطاب قوم کے جذبات کی ترجمانی تھا،علی اکبر گجر

جمعرات 21 جنوری 2016 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے وزیراعظم کا خطاب قوم کے جذبات کی ترجمانی تھا،وزیراعظم نے اقوام عالم کے سامنے پاکستان کا روشن اور شفاف چہرہ پیش کر کے سچے پاکستانی قائد ہونے کا ثبوت فراہم کردیا۔اپنے خطاب میں وہ دنیا کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہے کہ پاکستان ایک کامیاب ریاست ہے جو جو برسوں دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار ہونے کے باوجود اب بڑی تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور اس کے عوام خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین سال قبل تک پاکستان دہشت گردی اور لوٹ کھسوٹ کی آماجگاہ بنا ہوا تھا لیکن مسلم لیگ(ن) کے برسراقتدار آتے ہی ملک میں جمہوری اصولوں کے تابع ایک ایسا نظام مروج ہے جس میں امن ،ترقی اورعوام کی سچی خدمت حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں امن قائم ہونے کے بعد الحمدﷲ ملکی اوربین الاقوامی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جو قائدجمہوریت میاں نواز شریف کی پرو پاکستانی اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

جس جذبے کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک اور عوام کی خدمت کررہی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔علی اکبر گجر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کوعوامی خدمت کا جب بھی موقع ملااس نے اپنے مینڈیٹ کی لاج رکھی اور وہ کردکھایا جس کی کسی اور سے توقع بھی نہیں کی جاسکتی تھی۔ لیکن آمریت کے پروردہ عناصر نے ہمیشہ مسلم لیگ(ن) کے اقتدار پر شبخون مار کر جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کیں لیکن اس بار میاں نوازشریف نے آمریت کی تمام راہیں مسدود کرکے ملک کو کامیابیوں کے راستوں پر ڈال دیا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور انہیں اپنی قیادت پرمکمل بھروسہ ہے کہ میاں نوازشریف صرف سیاسی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی خدمت پریقین رکھتے ہیں اور انشاﷲ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی محنت کے طفیل ملک اقتصادی ترقی کے بام عروج پر پہنچے گااور قوم مسلم لیگ (ن) کی خدمات پر فخرکرے گی۔

متعلقہ عنوان :