ایوان بالاکا قائمہ کمیٹیوں کو مزید موثربنانے کیلئے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ

جمعرات 21 جنوری 2016 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) ایوان بالا نیسینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید موثر کرنے اور ٹھوس سفارشات مرتب کرنے میں معاونت فراہم کرنے کیلئے ملک کے نامور تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کی ماہرین کی ٹیم سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرا ت کو اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں کونسل آف چیئرمین کا اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف کمیٹیوں کے سربراہان کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے چار رکنی وفد نے بھی شرکت کی اور اراکین کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کے اس تاریخی اقدام بارے شرکاء کو آگاہ کیا اور کمیٹیوں کے نظام کو موثر بنانے میں اس کی اہمیت کو جاگر کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شرکاء نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ٹیم کو کھل کر اپنی رائے دی اور ان پہلوؤں کی نشاندہی کی جہاں پر خصوصی معاونت کی ضرورت ہے۔اجلاس میں دیگر دوسرے مسائل پر بھی تفصیلی غورو خوض کیا گیا ا ور اراکین سے مشاورت کی گئی۔

سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے کونسل آف چیئرمین کے شرکاء کو سینیٹ کے قواعدو ضوابط میں ترامیم اور دیگر اہم اقدامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔اراکین سینیٹ نے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان اقدامات کی بدولت ایوان بالا کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے اور کمیٹیوں کو موثر کردار ادا کرنے میں مدد ملی ہے۔

اجلاس میں سینیٹرز سید مظفر حسین شاہ،مشاہد حسین سید،سلیم مانڈوی والا،لیفٹنٹ جنرل (ر) عبد القیوم ،ظفر اقبال جھگڑا ،عثمان سیف اﷲ خان،سید شبلی فراز،کبیر احمد محمد شاہی،سردار فتح محمد محمد حسنی،میر حاصل خان بزنجو،محمد عثمان خان کاکڑ،محسن عزیز،جاوید عباسی،یوسف بادینی،ہدایت اﷲ،شاہی سید،سجاد حسین طوری،تنویر الحق تھانوی،ڈاکٹر راحیلہ مگسی،نزہت صادق،پروفیسر ساجد میر،ایڈوکیٹ محمد داؤد خان اچکزئی، رحمان ملک ،حمد اﷲ نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :