دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے جنگ کو تیز کیا جائے‘ پیر معصوم نقوی

ضرب عضب آپریشن کے بھگوڑے بچ نہیں سکیں گے‘ مرکزی صدر جمعیت علما پاکستان نیازی

جمعرات 21 جنوری 2016 20:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیرمحمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ سانحہ باچا خان یونیورسٹی قابل مذمت ہے، دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے جنگ کو تیز کیا جائے۔ ضرب عضب آپریشن کے بھگوڑے بزدلانہ کارروائیوں کے لئے قوم کے مستقبل پر حملہ آور ہوئے ہیں، بچ نہیں سکیں گے۔ شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمددری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دد دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار قوم دہشت گردوں سے ڈرنے والی نہیں۔

ہربچہ مقابلے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فوج کے آپریشن ضرب عضب کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشت گردوں کاخاتمہ کیا جائے گا۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بے نقاب کئے بغیر نیشنل ایکشن پلان کامیاب نہیں ہوگا۔ اس کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پاکستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا ہے۔ فوج، پولیس، قانون نافذکرنے والے ادارے، مساجد ،امام بارگاہیں ، مدارس،مزارات اولیا اور گرجا گھر دہشت گردوں کا نشانہ بنے۔ نمازیوں تک کو ان باغیوں نے نشانہ بنایا ۔ یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔