نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا یونٹ جون 2017 ء میں مکمل ہو گا‘ چیئرمین واپڈاظفر محمود

پراجیکٹ کے دیگر تین یونٹس بھی یکے بعد دیگرے دسمبر2017 ء تک مکمل ہو جائیں گے ‘ نیلم جہلم پراجیکٹ کے دورے پر گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2016 20:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) چیئرمین واپڈا ظفر محمودنے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا پیداواری یونٹ جون 2017 ء تک مکمل ہوجائے گا جبکہ دیگر تین یونٹس بھی یکے بعددیگرے دسمبر 2017 ء تک مکمل ہو جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد زبیر، پراجیکٹ ڈائریکٹر نیرعلاؤالدین، کنسلٹنس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پراجیکٹ کے بہت سے حصوں پر کام کی پیش رفت نظر ثانی شدہ شیڈول سے آگے ہے۔ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام تیز کرنے کے حوالے سے پراجیکٹ حکام، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُنہوں نے ہدایت کی کہ وہ اس اہم منصوبے کی 2017ء تک تکمیل کیلئے اسی جذبے اور لگن سے کام جاری رکھیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے نوسیری کے مقام پر ڈیم سائٹ، مجوہی کے مقام پر نیلم اور جہلم دریاؤں کی کرا سنگ اور چھتر کلاس کے مقام پر پاور ہاؤس کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریورکراسنگ سیکشن میں رائٹ ٹنل کے دوحصوں کو باہم ملانے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ رائٹ ٹنل کے دونوں سیکشن جن میں سے ایک ڈیم سائٹ اور دوسرا پاور ہاؤس سے نکلتا ہے، کو 9 جنوری کو انتہائی مہارت اور درستگی سے ملا دیا گیا جبکہ اس کام کے لئے ٹارگٹ15 جنوری مقرر تھا۔

اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ پاکستان میں پن بجلی کے شعبہ کی ترقی کیلئے پاک چین دوستی کی یادگار ہے۔ چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ 76 فی صد مکمل ہو چکا ہے ۔ 68 کلومیٹر طویل سرنگوں میں سے تقریباً 59کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی کی جاچکی ہے جبکہ ڈیم سائٹ پر کام 74 فی صد مکمل ہوچکا ہے۔ پراجیکٹ کا پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ رواں سال نومبر تک مکمل ہوجائیں گے۔ اپنی تکمیل پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، نیشنل گرڈ کو سالانہ 5 ارب 15 کروڑ یونٹس بجلی فراہم کرے گا۔