بھارتی وزیردفاع کی دھمکیوں کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کا بڑا واقعہ ہوا،پاکستان معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا ئے ،کسی پاکستانی وزیر نے اگر کسی یورپی ملک کو دھمکی دی ہوتی تو پاکستان پر پابندیاں لگ چکی ہوتیں، منوہر پرریکر کے خلاف مقدمہ درج اوربھارت پر عالمی پابندیاں لگنی چاہئیں،بھارت،افغانستان اورتحریک طالبان پاکستان ملے ہوئے ہیں

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمن ملک کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2016 18:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کی پاکستان کے خلاف دھمکیوں کے بعد دہشت گردی کے واقعہ کے بعد بھارت پر عالمی پابندیاں لگنی چاہیے،پاکستان کو معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھاناچاہیے اوربھارتی وزیردفاع کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی چاہیے،بھارت،افغانستان اورتحریک طالبان پاکستان آپس میں ملے ہوئے ہیں،تحریک طالبان پاکستان بھارت کا پٹھو ہے،اگرکسی پاکستانی وزیر نے کسی یورپی ملک کو دھمکی دی ہوتی تو اب تک پاکستان پر پابندیاں لگ جاتیں۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہاہے کہ بھارتی وزیردفاع نے پاکستان پر پٹھان کوٹ حملے کا غلط الزام لگا کر دھمکی دی تھی کہ پاکستان کو تکلیف دیں گے،دہشت گردی کی دھمکی چاہے القاعدہ یاکسی دہشت گردی تنظیم نے دی ہو یا بھارت نے کوئی امتیاز نہیں ہوناچاہئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے قانون کے مطابق بھارتی وزیردفاع کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے،عالمی برادری کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے،عالمی برادری کو بھارت پر پابندیاں لگائی چاہیے۔

بھارت، افغانستان اور تحریک طالبان پاکستان ملے ہوئے ہیں اورتحریک طالبان پاکستان بھارت کا پٹھو بن چکی ہے،بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرارہاہے،جس طرح بھارتی وزیردفاع نے پاکسان کو دھمکی دی اورپھر دہشت گردی کاحملہ ہوااس طرح کی اگر کوئی پاکستانی وزیرکسی یورپی ملک کو دھمکی دیتااب تک پاکستان پرپابندیاں لگ چکی ہوتیں۔پاکستان بھارتی وزیردفاع کی دھمکی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے،دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوا کے عوام نے دی ہیں۔