تیل کی عالمی قیمتوں کا ریلیف فوری صنعتکاروں و عوام تک منتقل کیا جائے ، پیاف

جمعرات 21 جنوری 2016 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء )پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے قائم مقام چیئر مین تنویر احمد صوفی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی پیشی کے اثرات ماہوار کی بجائے ہرپندرہ دن بعد صارفین تک منتقل کیے جائیں تاکہ عالمی منڈی میں کمی کا ریلیف فوری صنعتکاروں اور عوام تک منتقل کیا جائے۔صارفین فوری فائدہ لینے سے محروم ہیں جبکہ حکومت کو امپورٹ بل کی مد میں اربوں روپے کا فائدہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاعالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 13سال کی کم ترین سطح پر پہنچنے پر اس کا ریلیف بھی پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام تک فوری منتقل کیا جائے کیونکہ مہنگی بجلی ،مہنگی پیدوار کا باعث ہے جس سے ملک میں ہوشربا مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اور مہنگی بجلی کا بلواسطہ اثر عوام تک منتقل ہورہا ہے۔قائم مقام چیئر مین تنویر احمد صوفی نے کہا کہ حکومت اگر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو پٹرولیم مصنوعات پر مختلف ڈیوٹیز اور ٹیکسز کو واپس لیا جائے نیز فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صرف ایک ماہ کیلئے کمی کی بجائے مستقل بنیادوں پر کمی کی جائے