عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کے زیر حراست ملزم خالد شمیم نے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کردی

الطاف حسین اور محمد انور بھارتی اور برطانوی خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹ ہیں اور انہیں ایم آئی سکس ، سی آئی اے اور را کی مدد حاصل ہے، ملزم خالد شمیم کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2016 16:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کے زیر حراست ملزم خالد شمیم نے کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ الطاف حسین اور محمد انور بھارتی اور برطانوی خفیہ ایجنسیوں کے ایجنٹ ہیں اور انہیں ایم آئی سکس ، سی آئی اے اور را کی مدد حاصل ہے۔ جمعرات کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے احاطہ میں پیشی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم خالد شمیم نے کہا کہ میں یہ کیس عالمی عدالت انصاف لے جانا چاہتا ہوں مجھے عوام کی مدد چاہیے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بنیں گے؟ جس پر ملزم نے کہا کہ جی بالکل بنوں گا۔ خالد شمیم نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا کہ معلوم ہے الطاف حسین، ایم انور اور حواریوں کو ایم آئی سکس ، سی آئی اے اور را کی مدد حاصل ہے۔

(جاری ہے)

عمران فاروق قتل کیس میں اقبالی بیان سوچ سمجھ کر دیا تھا اور جو بیان دیا ہے اس پر ابھی تک قائم ہوں۔اس موقع پر خالد شمیم کی اہلیہ نے یہ کہہ کر انہیں روکنا چاہا کہ اپ کی طبیعت ٹھیک نہیں جس پر خالد شمیم نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک اور ہوش میں ہوں۔واضح رہے کہ ملزم خالد شمیم اورمحسن علی کو 14 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر اے ٹی سی پیش کیا گیا تھا جہاں ان کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔