منڈا ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، نوشہرہ اور چارسدہ مکمل طور پر سیلاب سے بچ جائیں گے، ڈیم پر سال کے آخر میں کام شروع ہو جائے گا ، واسا حیدر آباد 104 ارب روپے کی نادہندہ ہے، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعرات 21 جنوری 2016 14:36

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ منڈا ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، اس سے نوشہرہ اور چارسدہ مکمل طور پر سیلاب سے بچ جائیں گے، اس ڈیم پر سال کے آخر میں کام شروع ہو جائے گا، واسا حیدر آباد 104 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ منڈا ڈیم کی کیس سٹڈی پر کام جاری ہے اور رواں سال کے آخر تک اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ داسو پن بجلی منصوبے کے لئے 80 کروڑ ڈالر اور ایک ارب 44 کروڑ روپے کے لئے بات چیت چل رہی ہے ، بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (آئی ڈی اے) کے ساتھ مل کر 58 کروڑ 84 لاکھ ڈالر اور جزوی کریڈٹ گارنٹی 46 کروڑ ڈالر کریڈٹ کے طور پر منظور کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو غیر قانونی ذرائع سے بجلی کے کنکشن دینے کی بات درست نہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب کے کئی اداروں کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کاٹی ہے ، ملک میں کہیں بھی شیڈول سے ہٹ کر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی تاہم جن علاقوں میں لائن لاسز اور بجلی چوری ہے وہاں کیسے بجلی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن پر حیسکو کے 45 ملازمین کو برطرف کیا گیا ۔ موجودہ حکومت شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔ ٹرانسفارمروں کی خریداری میں بے ضابطگیاں تھیں، موجودہ حکومت کی کوششوں سے ٹرانسفارمر کی قیمتیں 5 لاکھ سے کم کر کے اڑھائی لاکھ روپے تک لے آئے ہیں۔