پبلک ریلیشنز آفیسر ریسکیو 1122جام سجاد حسین پی ایچ ڈی کورس ورک میں امتیازی نمبروں سے کامیاب

جمعرات 21 جنوری 2016 13:11

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء)معروف کالم نگار، فیچر رائٹر،شاعر، مصنف اور افسر تعلقاتِ عامہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)جام سجاد حسین نے پی ایچ ڈی (ماس کمیونیکیشن )کورس ورک میں امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق جام سجاد حسین اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی سرانجام دہی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز میں ماس کمیونیکیشن کے پی ایچ ڈی سکالر ہیں ۔

کورس ورک میں انہوں نے چھ مضامین بشمول سکلز آف سوشل سائنسز ریسرچ، ریسرچ ڈیبیٹس، منیجنگ انفارمیشن، ریسرچ پریکٹیکم ، جینڈر سٹڈیز اور ڈزرٹیشن رائٹنگ ورکشاپ میں امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کی ہے اور پانچ Asاور ایک Bگریڈ حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

کلاس میں امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے پر انہوں نے اپنے اساتذہ کرام و رہنما بشمول اپنے مینٹراور ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ ، پروفیسر ڈاکٹر نجمہ نجم، پروفیسر ڈاکٹر افشیں مسعود، پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیا، پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ اسد اورڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122بریگیڈئر ڈاکٹر ارشد ضیاء ؛علم دوست ڈائریکٹر جنرل /پرنسپل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر امیر حمزہ اور رجسٹرار ڈاکٹر فرحان خالد کو کریڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حوصلہ افزائی سے یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔

جام سجاد نے کہا کہ تعلیم کے اس سفر میں والدین کی دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں جن کی بدولت اللہ تعالیٰ نے ان کے حصے کی تمام پریشانیوں کو آسانیوں میں بدل دیا۔ واضح رہے جام سجاد حسین چار کتابوں کے مصنف اوراردو اور انگلش دونوں زبانوں میں مختلف سماجی و معاشرتی مسائل پر منجھے ہوئے کالم نگار اور فیچر رائٹر ہیں جبکہ ان کے کئی تحقیقی مقالہ جات مختلف قومی اور بین الاقوامی ریسر چ جرنلز میں چھپ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈزاسٹر کمیونیکیشن میں اپنا پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔