ملک بھرمیں سانحہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کا سوگ‘قومی پرچم سرنگوں

سانحے کے ایک اور زخمی دم توڑجانے سے شہدا کی تعداد21 ہوگئی ‘ مہمند ایجنسی کا محمد ایاز لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 21 جنوری 2016 12:32

چارسدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 جنوری۔2015ء) ملک بھرمیں سانحہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کا سوگ منایا جارہا ہے اور پورے پاکستان میں قومی پرچم سرنگوں ہے‘ سانحے کے ایک اور زخمی دم توڑجانے سے شہدا کی تعداد21 ہوگئی ہے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والا محمد ایاز لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا- باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہاہے پاکستان بھرمیں آج قومی پرچم سرنگوں ہے جب کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے،خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایت پر چارسدہ سمیت صوبہ بھر میں آج تعلیمی ادارے کھلے ہیں۔

مختلف شہروں کے سکولوں میں شہدا کے لیے دعائیہ تقاریب جاری ہیں۔ سانحہ چارسدہ کے غم میں وزیراعظم ہاؤس ،ایوان صدر،پارلیمنٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری ، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی ادارے علم دشمنوں کا آلہ کار بننے والے درندوں کی مسلسل کھوج لگارہے ہیں ، نادرا کے ڈیٹا سے دو کی شناخت کرلی گئی ہے ایک کا نام عباس افغانی جسے عباس سواتی بھی کہا جاتا تھا ، اور دوسرا علی رحمان ، دیگر دو کی شناخت تاحال نہیں ہوئی ، تاہم ا ن میں سے ایک18 سال سے کم عمر بتایا جاتاہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے دہشت گرد،افغان صوبے ننگرہار کے قریب کسی سے رابطے میں تھے۔دہشت گرد وں سے خود کش جیکٹس اور دستی بموں سمیت بہت سا غیر استعمال شدہ اسلحہ ملا ، سیکیورٹی فورسز انہیں نہ روکتیں تو یہ نہ جانیں علم کی مزید کتنی شمعیں گل کردیتے۔ جبکہ سانحہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی مردان میں سرڈھیری تھانہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کرلیا گیاہے۔ ایف آئی آر میں دہشتگردوں کے یونیورسٹی میں داخلے کا وقت ساڑھے آٹھ بجے بتایا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں دہشتگردی ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔