گورنر بلوچستان کا باچا خان یوینورسٹی کے وائس چانسلر کو ٹیلی فون،دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

علم و دانش کی روشنی بکھیرنے والے اساتذہ اور نہتے طالب علموں پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے ،محمد خان اچکزئی

بدھ 20 جنوری 2016 22:57

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے باچا خان یوینورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعبدالرحیم مروت سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علم و دانش کی روشنی بکھیرنے والے اساتذہ اکرام اور نہتے طالب علموں پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے اور پوری قوم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہے۔

انہوں نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ سفاک دشمنوں اور بے رحم دہشت گردوں سے نمٹنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے اور یہ مقصد قوم کے مکمل اتحاد و اتفاق کے ساتھ ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ معصوم طلباء و طالبات اور ماہرین علم اور اساتذہ کو نشانہ بنانا کسی طرح اسلام کی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا اور ایسے انسان دشمن بہیمانہ جرائم میں ملوث عناصر اسلام اور پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے معاشرے کے تمام حصوں کو مربوط اور فعال کردار اداد کرنا ہوگا۔ گورنر نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دُعا کی ۔