سرکاری ہسپتالوں میں غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،صوبائی وزیر میررحمت صالح

بدھ 20 جنوری 2016 21:34

کوئٹہ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء)صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ڈاکٹر زاور دیگر اسٹاف اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کے دفاتر اور سرکاری ہسپتالوں کے دورے کے دوران انہوں نے خود مشاہدہ کیا ہے کہ ڈاکٹرز اوردیگر سرکاری اسٹاف کی بڑی تعداد ڈیوٹی سے غیر حاضر تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ رویہ ناقابل برداشت ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ غیر حاضر اسٹاف کے خلاف باقاعدہ طور پرمحکمہ جاتی ایکشن لیا جائے گا جو معطلی ،برطرفی یا دیگر سزا پر مشتمل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹریٹ ،ٹریزری ہسپتال ، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور صوبے کے دیگرمختلف شہروں میں سرکاری دفاتر میں ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکس اور دیگراسٹاف ڈیوٹیوں پر موجود نہیں ہوتا جس کی وجہ سے مریضوں کو زبردست تکلیف کا سامناہے ۔انہوں نے کہا کہ بطور صوبائی وزیرصحت انکے لئے غیرحاضری کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہے اور انہوں نے غیرحاضر اسٹاف کے خلاف فوری طور پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔