وفاق المدارس العربیہ کے قائدین کی باچہ خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کی مذمت

بدھ 20 جنوری 2016 20:36

اسلام آباد ۔ 20جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے باچہ خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کی مذمت کی اور واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ تعلیم پر حملہ ہے، یہ حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،کسی مسلمان سے اس قسم کی شرانگیزی کی توقع نہیں کی جاسکتی ،حملے کے پس پردہ مقاصد سے قوم کو آگاہ کیا جائے ، واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے ۔

وفاق المدارس کے قائدین اور ملک بھر کے دینی مدارس کے اساتذہ وطلباء باچہ خان یونیورسٹی کے اساتذہ وطلباء کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ،مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا انوا ر الحق نے بدھ کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

قائدین نے کہا کہ کسی مسلمان سے ایسی شرانگیز ی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی حملہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین اور ملک بھر کے مدارس کے اساتذہ وطلباء باچہ خان یونیورسٹی کے اساتذہ وطلباء کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔