میڈیا ہاؤسز پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ،وزارت داخلہ کے حکم پر اسلام آباد انتظامیہ کا اعلیٰ سطح ا جلاس آج طلب

میڈیاہاؤسز کی سیکورٹی نئے سرے سے مرتب ، نجی سیکورٹی گارڈز کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے گی

بدھ 20 جنوری 2016 20:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء ) میڈیا ہاؤسز پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ،وزارت داخلہ کے حکم پر اسلام آباد انتظامیہ کا اعلیٰ سطح اجلاس (جمعرات کو ) طلب کرلیا گیاہے ،اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ ادارو ں کے نمائندے شرکت کریں گے ،میڈیاہاؤسز کی سیکورٹی نئے سرے سے مرتب کرنے ،سیکورٹی اقدامات کرنے کے لیے نجی سیکورٹی گارڈز کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے گی ،ایمرجنسی اطلاع کے لیے موثر اقدامات کو ممکن بنانے سمیت دیگر امور پر بات کی جائے گی ۔

آن لائن کو ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے وزارت داخلہ کو حالیہ جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق آگاہ کیا گیا ہے کہ دیگر قومی اداروں کی طرح دہشت گردوں کی جانب سے میڈیا ہاؤسز پر بھی حملوں کا خطرہ ہے سیکورٹی کانظام موثر انداز میں ترتیب دیاجائے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے آج میڈیا ہاؤسزکی سیکورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا ہے اس حوالے سے میڈیا ہاؤسز کو تحریری نوٹس کے ذریعے آگاہ کردیاگیاہے ۔

واضح رہے کہ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق احمد کریں گے جس میں میڈیاہاؤسز کی سیکورٹی نئے سرے سے مرتب کرنے ،سیکورٹی اہلکاروں سمیت ورکرز کی مکمل سکرونٹی کو یقینی بنانے پر بات کی جائے گی جبکہ ایمرجنسی اطلاع کے لیے استقبالیہ پر اقدامات کو ممکن بنانے سمیت دیگر امورزیر بحث آئیں گے