خطبہء جمعہ کے حوالے سے ابہام بے بنیادہے،سینیٹرڈاکٹرعبدالقیوم سومرو

حکومت سندھ علامہ نورانی کے مرتب کردہ ضابطہء اخلاق کو خطبہء جمعہ میں رائج کرناچاہتی ہے،صوبائی مشیر برائے مذہبی امور

بدھ 20 جنوری 2016 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی کی قیادت میں علماء کرام کے ایک وفد نے صوبائی مشیر برائے مذہبی امور سینیٹرڈاکٹرعبدالقیوم سومروسے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور خطبہء جمعہ کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں پر علماء کرام کی تشویش سے آگاہ کیا۔

وفد میں جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے سینئرنائب صدر مفتی رفیع الرحمان نورانی، جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، یوتھ ونگ کے اسفندیارخان شامل تھے۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹرڈاکٹرعبدالقیوم سومرونے کہاکہ حکومت سندھ کا قطعی کوئی ارادہ نہیں ہے کہ وہ مساجد میں تحریرشدہ خطبات جاری کرے یہ خبریں بے بنیادہیں بلکہ حکومت چاہتی ہے کہ علامہ شاہ احمدنورانی صدیقی ؒ نے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے تمام دینی اکابرین کی مشاورت سے جو 17نکاتی ضابطہء اخلاق مرتب فرمایاتھاجس پر تمام مسالک مقتدرعلماء وقائدین نے دستخط کرکے توثیق کی تھی۔

(جاری ہے)

ہم اسی ضابطہء اخلاق پرباقاعدہ عملدرآمد کرواناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ دہشتگردوں کی بنیادوں کو اکھاڑکر پھینک دیاجائے، مذہبی ومسلکی رواداری وقت کا تقاضہ ہے اور اس کو برقرار رکھناعلماء کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ چند نام نہادمذہبی جنونی جوکہ غیر ملکی قوتوں کے آلہء کارہیں وہ پاکستان اور اسلام کے خلاف استعمال ہورہے ہیں اور اسلام کے چہرے کومسخ کرنے میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم سندھ میں ہر ضلع کی سطح پر مذہبی ہم آہنگی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں،تاکہ سندھ کو مزید پرامن بنایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اتحادبین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی برقراررکھنے کے سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل اور علماء اہلسنّت باالخصوص علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ کے کردارکو سراہتے ہوئے کہاکہ قوم کو علامہ شاہ احمدنورانی جیسے علماء وقائدین کی ضرورت ہے،بطور پارلیمنٹرین اور بطورسربراہ ملی یکجہتی کونسل مولاناشاہ احمدنورانی کا کردار قابل تحسین وتقلیدہے۔

اس موقع پر علامہ قاضی احمدنورانی نے مشترکہ خطبہء جمعہ کے حوالے سے دینی طبقات میں پیداشدہ ابہام کو دورکرنے اور اتحادویکجہتی کی فضاکو مزید استوارکرنے کی کوششوں کے سلسلے میں ڈاکٹرعبدالقیوم سومروکے کردارکو سراہااور انہیں مثبت اقدامات کے لئے ہرممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات کے آخرمیں باچاخان یونیورسٹی میں شہیدہونے والے طلبہ واساتذہ کی بلندیء درجات کے لئے دعامانگی گئی۔

متعلقہ عنوان :