مستحکم پاکستان کیلئے جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع قبول کریں، ڈاکٹر نعیم اعوان

اقبال خان کے ڈیرہ پر چھاپہ جھلا خان کو الیکشن میں سپورٹ کرنے کی سزا ہے ، صحافیوں سے گفتگو

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 20 جنوری 2016 19:42

حضرواٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری۔2016ء) راحیل شریف لورز کے مرکزی چیئرمین ، سابق رکن وزیر اعظم معائنہ کمیشن ڈاکٹر نعیم اعوان نے چھچھ کی سیاسی شخصیت خان اقبال خان کے ڈیرہ پر چھاپہ اور مہمانوں کی گرفتاری کو پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال خان کو مسلم لیگ(ن) کے مقابلہ میں یونین کونسل سطح پر چیئرمین ، وائس چیئرمین کا پینل کھڑا کرنے اور بہادر خان المعروف جھلا خان کا بھائی ہونے کی سزا دی گئی جو ہمیشہ حکومتی ایوانوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوتے ہیں جبکہ جھلا خان نے حالیہ ضمنی الیکشن پی پی 16میں مسلم لیگ(ن) کے مقابلہ میں مجھے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مکمل سپورٹ بھی کیا تھا، حضرو میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اوچھے حکومتی ہتھکنڈوں کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرکے ضلع اٹک کو پولیس سٹیٹ بننے سے روکیں گے ، راحیل شریف لوورز کے چیئرمین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے عوام کی طرف سے اپیل کی کہ وہ مدت ملازمت میں توسیع کو قبول کریں کیونکہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے ان کا حاضر سروس ہونا از حد ضروری ہے ، ڈاکٹر نعیم نے پاک چین راہداری روٹ کو متنازعہ بنانے پر بھی وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ چھوٹے صوبوں کے مفادات کا تحفظ پاکستان کا تحفظ ہے جبکہ تخت لاہور کے باسیوں کو صرف لاہور کو ہی پاکستان سمجھنے کی پالیسی ترک کردینی چاہئے۔