حکومت پنجاب اور چینی کمپنیوں میں واسا فیصل آباد کیلئے 438ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 20 جنوری 2016 18:49

فیصل آباد۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء) حکومت پنجاب اور چینی کمپنیوں نے واسا فیصل آباد کیلئے 438ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں جن سے سولر انرجی، مشینری کی اپ گریڈیشن ایسٹرن واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے ماحول دوست منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا،جن کی تکمیل سے نہ صرف واسا ماہانہ لاکھوں روپے مالیت کی بجلی کی بچت سے مالی طور پر مستحکم ہو گا، بلکہ ماحولیاتی آلودگی بھی کم ہو گی۔

واسا کے ترجما ن نے بتایاکہ فیصل آباد کے باسیوں کو پینے کے میٹھے و صاف پانی اور سیوریج کی بہترین سروس کی فراہمی اولین ترجیح ہے جسے عملی جا مہ پہنانے کیلئے واسا کی سیاسی اور انتظامی قیادت متفق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ شہری ترقی کے منصوبوں کو عملی جا مہ پہنانے کیلئے حال ہی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں چینی کمپنیوں سے واسا فیصل آباد کیلئے 438ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے ایم او یو سائن کئے گئے ہیں جن کے جلد مثبت نتائج حاصل ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ فرنچ پراجیکٹ سے شہر کے شرقی حصہ کو ڈیڑھ کروڑ گیلن یومیہ پانی کی سپلائی ممکن بنائی جائیگی جبکہ مذکورہ منصوبے کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اگلے ماہ فروری کے وسط میں کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ واسا واٹر باٹلنگ پلان کا مقصد شہریوں کو سستا اور مارکیٹ میں دستیاب دیگر برانڈ سے معیاری پانی فراہم کرنا ہے جبکہ اس کی کمرشل فروخت کے ذریعے بھی واسا کی آمدن بڑھے گی۔