پاکستانی خواتین کو سٹار پلس کے سحر سے ہم نے نکالا‘ سربراہ ہم ٹی وی

بدھ 20 جنوری 2016 15:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) پاکستان کے سب سے بڑے نجی تفریحی چینل ہم ٹی وی کی سربراہ سلطانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں بہت جلدی سے چینلز وغیرہ تو آگئے لیکن تکنیکی باریکیوں کو دیکھنے سمجھنے والا عملہ نہیں ہے۔سلطانہ صدیقی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے ملک کی ڈرامہ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے بارے میں کہا۔

انھوں نے کہا کہ عملے کے علاوہ ہمارے پاس زیادہ اداکار نہیں ہیں اور جوتھوڑے بہت ہیں، انہیں جب تیار کرتے ہیں تو وہ اتنے زیادہ پیسے مانگتے ہیں جس کی وجہ سے چینلز کہہ لیں یا پروڈیوسرز کہہ لیں کہ وہ پھنستا چلاجاتا ہے۔ چینلز کی تعداد بڑھ جانے کی وجہ سے مقابلہ اتنا ہے کہ اسے واپس اپنے پیسے تو نہیں ملیں گے۔

(جاری ہے)

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ وہ ایک نیوز چینل کھولنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جس طرح میں نے ہم ٹی وی کی شکل میں لوگوں کوایک خالص تفریحی چینل فراہم کیا، میں ایسا ہی ایک نیوز چینل تشکیل دینا چاہتی ہوں جہاں تمام صحافیانہ اقدار کو مدنظر رکھاجائیگا۔ میں پاکستان کا ایک بہتر اور مثبت چہرہ دکھاناچاہتی ہوں۔ میرا خود سے بھی یہ سوال ہے کہ آیا جہاں لوگوں کو ان نیوز چینلز پہ لوگوں کو لڑتے دیکھنے کی عادت ہوگئی ہو وہاں کوئی مختلف چینل کامیاب ہو پائے گا۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ جب آپ ایک صاف چیز لوگوں کو دیتے ہیں تو اسے قبول کرنے میں تھوڑا وقت ضرور لگتا ہے لیکن وہ کام پائیدارہوتا ہے۔