باچا خان یونیورسٹی میں حملے کے بعد 2 دھماکے‘دھماکوں سے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 20 جنوری 2016 12:31

چارسدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 20 جنوری۔2015ء) باچا خان یونیورسٹی میں حملے کے بعد 2 دھماکے سنے گئے ہیں تاہم دھماکے سے ا ب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پروفیسر شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں‘دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ ایک اور بیان کے مطابق یونیورسٹی کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ اس کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے ایک زخمی طالب علم کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ہمیں محفوظ مقام پر جانے کا کہا ، دہشت گرد عقبی راستے سے یونیورسٹی میں داخل ہوئے۔حملے کے بعد بڑی تعداد میں ریسکیو عملہ پہنچ گیا جبکہ بڑی تعداد میں ایمبولینسیں بھی موجود ہیں۔

ریسکیو عملہ اب تک متعدد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال پہنچا چکا ہے۔دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن میں جاری ہے جس میں پولیس اور پاک فوج شامل ہے۔پاک فوج کے دستے ہیلی کاپٹر کے ذریعے یونیورسٹی میں داخل ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے 70 فیصد طالب علموں کو نکالا جاچکا ہے جبکہ 90 فیصد علاقہ کلیئر کرایا جاچکا ہے۔