تاخیر کا شکار پرواز میں ائیرہوسٹس کا ایسا اعلان جس نے سب کو سیخ پا کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 19 جنوری 2016 22:20

تاخیر کا شکار پرواز میں ائیرہوسٹس کا ایسا اعلان جس نے سب کو سیخ پا کر ..
گلاسگو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19جنوری 2016 ء) گلاسگو سے ڈبلن جانے کے لئے تیار کھڑی پرواز میں ائیر ہوسٹس نے ایسا اعلان کر دیا جس نے جہاز میں موجود مسافروں کو شدید سیخ پا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گلاسگو سے ڈبلن جانے کے لئے تیار کھڑی پرواز میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا۔درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث متعدد پروازوں کو روانگی میں تاخیر کا سامنا تھا اور انہیں میں ریان ائیرکی پرواز بھی شامل تھی۔

آٹھ گھنٹے کے انتظار کے بعد مسافروں کو طیارے میں سوار کروایا گیا لیکن ابھی بھی جہاز روانگی کے لئے تیار نہ تھا اور مسافر انتظار کی زحمت اٹھانے پر مجبور تھے۔ اس صورتحال میں ایک ائیرہوسٹس نے مسافروں کی بوریت دور کرنے کے لئے انہیں قدر ہلکے پھلکے انداز میں صورتحال سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ، ”طیارہ ابھی ٹیک آف نہیں کرسکتا، کیونکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے اور طیارے کے پروں پر برف پڑی ہے۔

(جاری ہے)

ہم ابھی روانہ نہیں ہوسکتے، کیونکہ ہم مرنا نہیں چاہتے۔“ ائیر ہوسٹس کی جانب سے بس اتنا کہنے کی دیر تھی کہ وہاں ایک طوفان بدتمیزی کھڑا ہو گیا۔ طیارے میں موجود مسافروں کی جانب سے ائیر ہوسٹس کو شدید گالم گلوچ کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک مسافر نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر اسے فیس بک پر ڈال دیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو دیکھنے والوں کی جانب سے بھی ائیر ہوسٹس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور کمپنی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسے نوکری سے فارغ کر دیا جائے۔