پاکستان کا فضا ء سے مار کرنے والے کروز میزائل’رعد‘ کا کامیاب تجربہ

صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف اور ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل کی سائنسدانوں انجینئرز کو مبارکباد

منگل 19 جنوری 2016 21:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) پاکستان نے منگل کو فضا ء سے مار کرنے والے کروز میزائل’’رعد‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے میزائل 300 کلو میٹر تک ہدف تک کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’’رعد‘‘ میزائل انتہائی جدید گائیڈنس اور نیوگیشن سسٹم کا حامل ہے جس سے ہدف کو انتہائی کامیابی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اپنے جدید نظام کی بدولت یہ نچلی سطح پر پرواز کر کے ہد ف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے اسے ریڈار کے ذریعے نہیں دیکھا جا سکتا اور میزائل شکن نظام سے اسے تباہ نہیں کیا جا سکتا۔میزائل خشکی اور سمندر میں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے سائنسدانوں اور انجینئروں کو رعد میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئروں نے انتہائی غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے بھی سائنسدانوں اور انجینئروں کو تاریخی اہمیت کے ایک اور سنگ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کم سے کم دفاعی صلاحیت کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے ۔ اس کامیابی سے پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت میں یقینی اضافہ ہو گا اور اس سے خطے کے امن میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے سٹریٹجک فورسز کے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔