خیبرپختونخواہ سے تیل اور قدرتی گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ٗ تیل اور گیس کی فراہمی متوقع

ٹل بلاک میں 12واں کنواں ہے جس میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں ٗعلی مرتضیٰ عباس کستان میں توانائی کی کمی پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوگی ٗکمپنی کا بیان

منگل 19 جنوری 2016 21:35

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) خیبرپختونخواہ سے تیل اور قدرتی گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ہے جہاں سے تیل اور گیس کی فراہمی متوقع ہے۔نجی کمپنی مول پاکستان کے ریجنل ایڈوئزر برائے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور پاکستان علی مرتضیٰ عباس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہنگو میں مردان خیل-ون کنویں سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق مردان خیل-ون سے 3ہزار 440بیرل یومیہ خام تیل اور 4 کروڑ کیوبک فٹ گیس بھی دریافت ہوئی ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مول پاکستان نے ٹل بلاک میں تیل وگیس کا ساتواں ذخیرہ دریافت کیا ہے۔علی مرتضیٰ عباس کا کہنا ہے کہ ٹل بلاک میں 12واں کنواں ہے جس میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق تجرباتی طور پر کنویں میں سے گیس اور تیل نکال لیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 2002 سے اب تک 13 سال میں مول اب تک مردان خیل-ون کنویں سے قبل 6 مقامات پر کامیابی سے تیل اور گیس دریافت کر چکی ہے، ان میں منزلئی، ماکوری، مامی خیل، مارم زئی، ماکوری (شرقی) اور تولنج کے کنویں شامل ہیں۔خیال رہے کہ مول پاکستان میں 1997 سے گیس اور تیل کی دریافت کے کام میں مصروف ہے، اس کا صدر دفتر ہنگری میں ہے۔گیس اور تیل کے ان ذخائر کی دریافت پر کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پاکستان میں توانائی کی کمی پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بتایا تھا کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں 10 ہزار 159 ٹریلین کیوبک فٹ قدرتی گیس اور 2 اعشاریہ 3 ٹریلین بیرلز تیل کا انکشاف ہوا ہے جن سے 200 ٹریلین کیوبک فٹ گیس اور 58 ارب بیرل تیل نکالا جاسکتا ہے، پاکستان میں موجود قدرتی ذخائر سے اس وقت صرف 20 ٹریلین کیوبک فٹ گیس اور 385 ملین بیرل تیل نکالا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :