وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمان سے سندھ مدرسۃ الاسلام کے وائس چانسلر، اساتذہ اور طلبہ کے وفد کی ملاقات

منگل 19 جنوری 2016 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان سے سندھ مدرسۃ الاسلام کے وائس چانسلر، اساتذہ اور طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔ منگل کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر مملکت نے انہیں اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر مملکت نے طلبہ سے غیر رسمی بات چیت کی اور انہیں جمہوریت اور اس کے فوائد سے متعلق آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت ناگزیر ہے اور اس کے ذریعے حکومت نہ صرف عوام بلکہ اﷲ کو بھی جواب دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کے فضل و کرم سے سول و عسکری تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ملک کی بہتری کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہر معاملے میں تمام شراکت داروں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے خواہ وہ کراچی آپریشن ہو یا سی پیک (چین پاکستان اقتصادی کوریڈور) یا نیشنل ایکشن پلان ہو یا ضرب عضب کیونکہ ہم جمہوریت اور مشاورت پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ کیسے سول و سیاسی قیادت عدلیہ کی بحالی کے معاملہ پر متحد ہوئی جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارا ملک کتنا مثبت اور اس کے عوام کتنے سمجھدار ہیں۔ وزیر مملکت نے طلباء کو وفاقی دارالحکومت میں تعلیم کے معیار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دنیا بھر کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گردی اور انتہاء پسندی میں کمی واقع ہوئی اور تعلیم کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا موجودہ حکومت کی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں مزید بہتری آئے گی۔ آخر میں وزیر مملکت نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نصاب میں اس قسم کے دورے باقاعدگی سے ہونے چاہئیں۔