راولپنڈی اور گوجرانوالا سے اقلیتی برادری کے سینکڑوں افراد کا پرویز مشرف کی قیادت پر اعتمادکااظہار، آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کااعلان

پرویز مشرف نے ملک و قوم کی صحیح معنوں میں خدمت کی،وہی عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں،نئے شامل ہونے والے اقلیتی راہنماؤں کا اظہار خیال

منگل 19 جنوری 2016 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) راولپنڈی اور گوجرانوالا سے اقلیتی برادری کے سینکڑوں افراد کا جنرل(ر)پرویز مشرف اور ڈاکٹرمحمد امجد کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کااعلان کردیا۔نئے شامل ہونے والے اقلیتی راہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جنرل (ر)پرویز مشرف نے ملک و قوم کی صحیح معنوں میں خدمت کی،وہی عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پارٹی کے مرکزی دفتر میں گوجرانوالا سے سیموئیل سراج گل،عرفان حیات ایڈووکیٹ، اور ڈاکٹر منور جان جبکہ راولپنڈی سے کیناتھے مل کیانی، مقبول بھٹی اور بابرشہزاد گوشی کی سربراہی میں وفود نے آل پاکستان مسلم لیگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کی مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم، فیڈرل کیپیٹل کے صدر راجہ حماد، جنرل سیکرٹری حاجی مطلوب، شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فردوس اور مصطفیٰ شاہ کے علاوہ دیگر راہنما بھی موجود تھے۔

مہرین ملک آدم نے وفود کو پارٹی میں شمولیت پر ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پارٹی سربراہ بہت جلد جھوٹے سیاسی مقدمات سے باعزت بری ہو کر عوام میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اقتدار میں آ کر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ثمر ہے کہ آج لوگ پارٹی میں جوک در جوک شامل ہورہے ہیں۔اقلیتی راہنماؤں نے اپنے اپنے خطاب میں پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں صرف پرویز مشرف ہی ایسے لیڈر ہیں جو عوامی مسائل حل کرسکتے ہیں۔انہوں نے پارٹی کی ترقی کے لئے دن رات کام کرنے کا عہد بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :