کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘اس مسئلہ کو استصواب رائے کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے ‘پاکستانی عوام اور وکلاء کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ‘کشمیر کی آزادی پوری پاکستانی قوم کا درینہ خواب ہے مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر سید محمد طیب ایڈوکیٹ کا بار کے ارکان سے خطاب

منگل 19 جنوری 2016 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر سید محمد طیب ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس مسئلہ کو استصواب رائے کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے پاکستانی عوام اور وکلاء کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں کشمیر کی آزادی پوری پاکستانی قوم کا درینہ خواب ہے مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سرینگر سے آئے ہوئے وکلاء کے ایک وفد کے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سرینگر کے وکلاء کے وفد کی قیادت سید بابر جان قادری ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔ وفد نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ بار کے صدر سید محمد طیب ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور وکلاء برادری کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم سے محبت ہر پاکستانی کی گھٹی میں شامل ہے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے پوری قوم کی ہمدردیاں کشمیری قوم کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام 1947 ؁ء میں ہو گیا تھا مگر اس کی تکمیل اس وقت ہو گی کہ جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل عالمی برادری پر قرض ہے کشمیری وکلاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری قوم کو پاکستان سے بہت امیدیں ہیں۔ کشمیر کے لوگ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کٹ تو سکتی ہے لیکن وہ بھارتی جارحیت کے سامنے جھک نہیں سکتی۔ سرینگر کے وکلاء نے اپنے خطاب میں بھارتی جارحیت کے کئی واقعات کا ذکر بھی کیا اس موقع پر طارق محمود جہانگیری ، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری ظفر کھوکھر اور خلیق الرحمان سیفی ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔