دینی مدرسے محمدی باغ اور مسجدیں بہشتی باغ ہیں،جب تک مدارس اور مساجدقائم رہیں گے دنیابھی قائم رہے گی اور جب یہ ختم ہوگئے تو دنیابھی ختم ہوجائے گی،مولانافداء الرحمان درخواستی

منگل 19 جنوری 2016 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء)جامعہ انوارالقرآن نارتھ کراچی میں حفاظ اور فارغ التحصیل علماء کی سالانہ دستاربندی وتقسیم اسناد کے موقع پرجانشین مولانامحمدعبداﷲ درخواستی مولانافداء الرحمان درخواستی کے زیرصدارت سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد ہواجس میں علماء کرام،مدرسین اور دیگر شخصیات سمیت عوام کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جانشین حافظ الحدیث مولانافداء الرحمان درخواستی نے کہاکہ دینی مدرسے محمدی باغ اور مسجدیں بہشتی باغ ہیں،جب تک یہ قائم رہیں گے دنیابھی قائم رہے گی اور جب یہ ختم ہوگئے تو دنیابھی ختم ہوجائے گی۔حفظ القران مکمل کرنے والے یہ 115طلبہ اس بات کاثبوت ہیں کہ مدارس ومساجد اپنے مشن پر کاربندہیں اور اسی طرح دین وملت کی خدمت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنمامولاناڈاکٹرمحمدامجد خان (لاہور) نے اپنے خصوصی خطاب میں کہاکہ جب حافظ الحدیث مولانا عبداﷲ درخواستی مدینہ منورہ تشریف لے گئے تو حضورؐ کی خواب میں زیارت ہوئی ،آپؐنے فرمایاکہ واپس پاکستان جاؤ،وہاں تمہاری ضرورت ہے ، چنانچہ آپ نے پاکستان واپس تشریف لاکر مدارس کاجال پھیلایا۔جمعیت علماء اسلام، تحریک ختم نبوت ،تحریک نظام مصطفےٰؐ اور دیگر تحاریک کی سرپرستی کی،آپ کاقائم کردہ یہ عظیم الشان ادارہ جامعہ نور القرآن بھی اسی خواب کی تعبیر ہے۔

اس موقع پر مولاناسیف الرحمان، نائب مہتمم مولانارشید احمددرخواستی،ناظم اعلیٰ قاری حسین احمددرخواستی، استاذالحدیث مولانامحمداظہرودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مفتی حسین احمدپانیزئی، مفتی عطاء اﷲ عابد، عقیل اختر، محمداقبال تنولی ودیگر بھی موجودتھے۔