پارک انکلیو ون کے 315 پلاٹوں کیلئے 500 درخواستیں موصول ،سی ڈی اے کو 6 ارب 31 کروڑ کی آمدنی متوقع

نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں فروری کے پہلے ہفتے میں بذریعہ قرعہ اندازیہو گی، سی ڈی اے نے کمیٹی تشکیل دے دی منصوبے میں سڑکوں، ڈریننگ، سیورج سسٹم ، بجلی کے علاوہ پانی کی سہولت کی فراہمی کیلئے 4 ٹیوب ویل بھی نصب

منگل 19 جنوری 2016 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے سیکٹر پارک انکلیو ون کے 315 پلاٹوں کیلئے 500 سے زائد درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ایک کنال پر مشتمل 315 پلاٹوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ کے باعث سی ڈی اے کو مجموعی طور پر 6 ارب 31 کروڑ کی آمدنی متوقع ہے۔الاٹیوں کو یہ پلاٹ 2 کروڑ 5 لاکھ میں دیا جائے گا جس کا 10 فیصد درخواست کے ساتھ، 15 فیصد قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد جبکہ بقیہ کُل رقم کا 15 فیصد ہر 4 ماہ بعد جمع کروانا ہوگی جبکہ آخری قسط قبضہ ملنے پر جمع کروائی جائے گی،جس کی مدت ایک سال ہوگی۔

پارک انکلیو کے پلاٹوں کی نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں فروری کے پہلے ہفتے میں بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی۔ان پلاٹوں کی نیلامی کیلئے سی ڈی اے نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں اسسٹنٹ منجمنٹ، پلاننگ ونگ اور فنانس ونگ کے سیئنر افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے اسلام آباد کے زون 4 میں سیکٹر پارک انکلیو فیزون کا منصوبہ جولائی 2011 میں شروع کیا تھا جس میں کل781 پلاٹ تھے جس میں سے ایک کنال کے پلاٹوں کی تعداد 720 جبکہ دو کنال کے پلاٹوں کی تعداد 61 تھی۔

تاہم ماضی میں انتظامیہ کی جانب سے اس اہم منصوبے کے ترقیاتی کام مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی گئی تھی جبکہ موجودہ انتظامیہ نے سی ڈی اے کے اس نئے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی حکمت عملی مرتب کی تھی جس کے تحت اس کا ٹھیکہ 1 ارب 26 کروڑ میں اگست 2014 میں دیا تھا۔ معلومات کے مطابق سی ڈی اے نے پہلی بار کسی سیکٹر کو سوسائٹی کی شکل دی ہے جس کو باقائدہ چار دیورای اور مرکزی گیٹ کے ذریعہ محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس منصوبے میں تمام سڑکوں، ڈریننگ سسٹم، سیورج سسٹم ، بجلی کے علاوہ پانی کی سہولت کی فراہمی کے لیے 4 ٹیوب ویل بھی نصب کئے گئے ہیں۔ 500 سے زائد لوگوں نے درخواستوں کے ہمراہ پہلی قسط( 10 فیصد) 20 لاکھ 50 ہزار روپے کے ڈرافٹ بھی جمع کروا دیے ہیں ۔واضح رہے کہ سی ڈی اے نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پہلی بار زون 2 اور زون 5 کے علاوہ زون 4 میں بھی ہاوٴسنگ سوسائٹی بنائی گئی ہے