پیرس حملوں کامرکزی ملزم مراکش سے گرفتار

بلجین شہری کوبندرگاہی شہر المحمدیہ سے گرفتار کیا گیا،مراکشی وزارت داخلہ کا بیان

منگل 19 جنوری 2016 18:59

رباط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) مراکش نے پیرس حملوں میں ملوث بیلجیئم کے ایک شہری کو گرفتارکرلیا ،یہ شخص پیرس حملوں میں ملوث افراد سے براہ راست رابطے میں تھا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکش کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ بیلجیئن شہری نومبر میں پیرس میں ہونے والے خونریز حملوں میں شریک افراد کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔

اس واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اس شخص کو مراکش کے بندرگاہی شہر المحمدیہ سے گرفتار کیا گیا۔ یہ بندرگاہی شہر کاسابلانکا اور رباط کے قریب واقع ہے۔ وزارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ زیرحراست ملزم گزشتہ برس نومبر میں پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث حملہ آوروں میں سے ’بعض کے ساتھ براہ راست رابطے‘ میں تھا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص نے شام کا سفر اس شخص کے ساتھ کیا تھا، جو شمالی پیرس کے ضلع سینٹ ڈینس میں واقع فٹ بال اسٹیڈیم کے قریب خودکش دھماکے میں مارا گیا تھا۔اس ملزم کا نام ظاہر کیے بغیر بتایا گیا ہے کہ شام جا کر ابتدائی طور پر اس شخص نے القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ میں شمولیت اختیار کی، تاہم بعد میں اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہو گیا۔ مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق شام میں اس شخص نے عسکری تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامک اسٹیٹ کے کئی اہم کمانڈروں کے ساتھ رابطے بھی پیدا کیے اور یہ وہ افراد تھے، جو پیرس حملوں کے بنیادی منصوبہ ساز تھے۔بتایا گیا ہے کہ یہ شخص شام سے ترکی، پھر جرمنی اور پھر بلجیم پہنچا، تاہم وہاں سے ہالینڈ اور پھر مراکش آیا۔

متعلقہ عنوان :