لبنان میں دوسال سے جاری سیاسی بحران کے حل کا امکان

صدارتی امیدوار میچل عون کو مخالف امیدوار کی حمایت،ایک حریف امیدواردستبردارہوگئے

منگل 19 جنوری 2016 18:59

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء)لبنان میں ڈیڑھ سال سے جاری سیاسی بحران اور صدر کے چناؤ میں ناکامی کے بعد ایک تازہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق لبنان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے صدارتی امیدوار اور سرکردہ مسیحی سیاست دان میچل عون کے ایک حریف امیدوار دستبردار ہو گئے ہیں اور انہوں نے میچل عون کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اس اعلان کے بعد 20 ماہ سے صدر کے چناؤ میں ناکامی کو ختم کرنے کا اہم موقع فراہم کیا ہے۔گذشتہ روز میچل عون کی ملاقات مسیحی طبقے کے نمائندہ جماعت ’’لبنانی فورسز‘‘ کے سربراہ سمیر جعجع کے ہیڈ کواٹر میں ہوئی جس کے بعد دونوں رہ نماؤں نے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سمیر جعجع نے صدراتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار اور پارلیمنٹ میں میچل عون کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

لبنان کے سیاسی حلقوں کے لیے یہ اہم خبر ہے کیونکہ اس کے بعد صدر کے انتخاب کی راہ ہموار ہوئی ہے۔دستبردار ہونے والے امیدوار سمیر جعجع نے کہا کہ انہوں نے بڑے غور خوض اور پارٹی قیادت سے صلاح مشورے کے بعد فیصلہ کیا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں میچل عون کی حمایت کرے گی تاکہ ملک میں سیاسی استحکام کو یقینی بنانے اور موجودہ سیاسی بحران کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ دستور کی بالا دستی ہماری اجتماعی سیاسی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے اور صدر کا چناؤ دستور کی رو سے ملک کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ اگر ہم بیس ماہ سے صدر کے چناؤ میں ناکام رہے ہیں تو ہمیں سیاسی خلا کو پر کرنے کے لیے متبادل اقدامات پرغور کرنا چاہیے۔قبل ازیں لبنانی فورسز کے ایک دوسرے رہنما ملحم الریاشی نے بھی نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ سمیر جعجع میچل عون کے حق میں دستبردار ہونے کا جلد اعلان کریں گے۔

اس سلسلے میں میچل عون اور سمیر جعجع کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں جعجع عون کی حمایت کا اعلان کریں گے۔خیال رہے کہ لبنان کی پارلیمنٹ میں مختلف الخیال سیاسی جماعتوں کے اپنے اپنے امیدواروں کی بھرمار کی وجہ سے گذشتہ بیس مہینوں سے صدر کے چناؤ میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔ میچل عون اہم ترین امیدوار ہیں مگر وہ بھی پارلیمنٹ میں درکار ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔