عراق، سنی جماعتوں کا کابینہ اور پارلیمنٹ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ

بائیکاٹ کا فیصلہ ملیشیاؤں کی خلاف ورزیوں اورقتل عام کے خلاف کیاگیا

منگل 19 جنوری 2016 18:59

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) عراق میں سنی (سیاسی) جماعتوں نے دیالیٰ صوبے میں شہریوں کے خلاف شیعہ ملیشیاؤں کی کارروائیوں کے سبب ہونے والے پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاسوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بائیکاٹ کا فیصلہ پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔

سنی سیاسی جماعتوں نے، دیالیٰ میں ملیشیاؤں کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی اداروں کی جانب سے تحقیق کے مطالبات بھی سامنے رکھے۔ عراقی ذرائع کے مطابق صرف المقدادیہ شہر میں 100 (سنی) نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جب کہ گزشتہ چند روز میں سنیوں کی 10 مساجد کو بھی دھماکوں سے شہید کر دیا گیا۔دارالحکومت بغداد سے 60 کلومیٹر دور واقع علاقے المقدادیہ کو چھ روز سے سخت محاصرے کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

مسلح ملیشیاؤں نے اس کا مکمل گھیراؤ کیا ہوا ہے۔ اس سے قبل ملیشیاؤں کے ہاتھوں مساجد کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ درجنوں مقامی شہریوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مقامی آبادی نے وزیراعظم حیدر العبادی سے محاصرے اور مسلح عناصر کی موجودگی ختم کروانے کی اپیل کی ہے۔مقدادیہ کی صورت حال نے سینئر اہل کاروں کو علاقے کا دورہ کرنے پر مجبور کر دیا تاہم امن و امان سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین حاکم الزاملی کے سوا کوئی ذمہ دار محاصرے زدہ شہر تک نہیں پہنچ سکا۔

شہر کی آبادی 2 لاکھ سے زیادہ افراد پر مشتمل ہے۔ ہجرت کر جانے والے بہت سے خاندان واپس لوٹ کر آ چکے ہیں تاہم انہیں ملیشیاؤں کی جانب سے اغوا اور قتل کے خطرے کا سامنا ہے۔ جس پر دیگر افراد بھی اندیشوں کے باعث اپنے گھروں کو نہیں لوٹ رہے۔ پارلیمانی اور قبائلی ذرائع کے مطابق ان خطرناک امور کے نتیجے میں آبادیاتی شماریات میں تبدیلی آ سکتی ہے۔

قبائلی اور طبی ذرائع کے مطابق خوراک اور دواؤں کی قلت اور بازاروں کی بندش کی وجہ سے شہر میں انسانی صورت حال ابتر ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ اہلیان شہر کا نقل مکانی سے ڈرنے کا انجام ان کی موت کی صورت میں نکلتا ہے جیسا کہ حال ہی میں ایک ڈاکٹر اور مسجد کے شیخ کے ساتھ ہوا جنہوں نے ملیشیاؤں کے احکامات کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ملیشیاؤں سے تعلق رکھنے والے بعض مسلح افراد کی گرفتاری کی رپورٹوں کے باوجود، مبصرین نے باور کرایا ہے کہ مقدادیہ میں امن و امان کی صورت حال حکومت کی نااہلی کے سائے میں ایک بڑے انسانی المیے سے خبردار کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :