Live Updates

سی ڈی اے نے رہائشی علاقوں میں قائم تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے دفاتر سیل کردیئے

پیپلزپارٹی کو 3 دن کی چھوٹ ، (ن) لیگ بچ نکلی

منگل 19 جنوری 2016 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) کے اہلکاروں نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کے دفاتر سیل کردیئے ، پیپلزپارٹی کو 3 دن کی چھوٹ مل گئی جبکہ (ن) لیگ کارروائی سے بچ نکلی۔منگل کو ایڈیشنل ڈائریکٹر انفورسٹمنٹ ونگ عماد اﷲ کی زیر نگرانی سی ڈی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں جاری سیاسی سرگرمیوں اور رہائشی مکانات کے کمرشل استعمال کے خلاف آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے سیاسی دفاتر بند کردیئے گئے جبکہ (ن) لیگ نے انفورسٹمنٹ سکواڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی بورڈ لگا دیا کہ دفتر منتقل کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے حکمران جماعت کارروائی سے بچ گئی۔ علاوہ ازیں انفورسٹمنٹ ملازمین پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ سیل کرنے پہنچے تو عملے نے تھوڑی مہلت کی التجا کی۔ سی ڈی اے نے پی پی کو دفتر منتقل کرنے کیلئے 3 روز کی مہلت دے دی۔ واضح رہے کہ رہائشی علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں پر آل پاکستان مسلم لیگ اور جماعت اسلامی کے دفاتر پہلے ہی بند کئے جاچکے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات