سپیکر قومی اسمبلی سے بلغاریہ کیلئے نامزد سفیر کی ملاقات، پاک بلغاریہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان بلغاریہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، پارلیمانی ، اقتصادی روابط کو فروغ دیکر مزیدوسعت دینے کے خواہاں ہیں، سردار ایاز صادق

منگل 19 جنوری 2016 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) بلغاریہ کیلئے نامزد سفیر اے ایس بابر ہاشمی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بلغاریہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو فروغ دیکر انہیں مزید وسعت دینے کاخواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت اور دیگر معاشی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کی عوام کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ ثقافت ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک میں تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے تاجر برادری کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سردار ایاز صادق نے ایس۔اے۔ہاشمی کی پاکستان کی وزارت خارجہ کے لئے سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ممالک میں اپنی سفارتی خدمات کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہتیں دیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایس۔اے۔ہاشمی اپنی سفارتی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے بلغاریہ میں پاکستان کے مفاد کو تحفظ دیں گے اور پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔بلغاویہ کے لئے نامزد سفیر اے۔ایس۔بابر ہاشمی نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ حکومت کی طرف سے ان پر کئے گئے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔