اقتصادی راہداری کی مخالفت کرنے والوں نے ملک کی ترقی کیلئے کبھی کوئی منصوبہ نہیں بنایا ،پرویز رشید

منگل 19 جنوری 2016 16:50

کوٹلی((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ہمارا مشترکہ منصوبہ ہے جس سے پاکستان اور کشمیر کا قریہ قریہ مستفید ہوگا۔منصوبہ کے 46ارب ڈالر میں سے32ارب ڈالر سے بجلی کے پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں جن سے پیدا ہونی والی روشنی پاکستان اور آزادکشمیر کے ہر گھر کو روشن کرے گی۔

موٹر وے،میٹرو بس ،میٹروٹرین اور اقتصادی راہداری جیسے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں سوچیں تو میاں نواز شریف کی شخصیت سامنے آتی ہے،ملک پاکستان میں کوئی ایسا ترقیاتی منصوبہ بتائیں جس کو سوچ کر آصف زرداری یا عمران خان کی شخصیت آنکھوں کے سامنے آجائے؟۔صحافت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،موجودہ حالات میں قوم کو متحد ومنظم کرنے میں میڈیا سب سے بڑھ کر کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران صدر زاہد آصف سلطان،نائب صدر حاجی سلیم،سیکرٹری جنرل خواجہ طارق لون اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار نصیر کو ایوان صحافت کوٹلی جاکر مبارک باد دینے کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان ڈاکٹر آصف سعید کرمانی ،سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان،سابق ممبر کشمیر کونسل سردار نسیم سرفراز،سابق سینئر نائب صدر پریس کلب رضوان قریشی،سابق سیکرٹری جنرل پریس کلب سیّد واجد الرب،مسلم لیگ(ن) کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات شہباز علی حیدری،ممبر گورننگ باڈی پریس کلب یاسر حسن،مسلم لیگ(ن) کے رہنما عثمان اقبال،کالم نگار جاوید سلطانی،متحدہ طلباء محاذ کے سابق صدر سردار سھران نثار،سائرس نثار اور دیگر لیگی قائدین بھی موجود تھے۔

سیکرٹری جنرل پریس کلب خواجہ طارق لون کے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں سب سے پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ہے کیا؟۔پرویز رشید نے بتایا کہ حکومت چین کی خواہش پر خنجراب کے راستے چین کو گوادر پورٹ تک رسائی دی گئی تاکہ چین مغرب اور مشرق وسطحیٰ کے ملکوں کے ساتھ تجارت کر سکے۔اقتصادی راہداری صرف ایک سڑک کا نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس کے46ارب ڈالر میں سے32ارب ڈالر بجلی کے پراجیکٹس کے لیے مختص ہیں اور ان منصوبوں پر کام جاری ہے۔

بجلی کے یہ پراجیکٹس پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر میں بھی لگائے جارہے ہیں ۔آزادکشمیر میں نیلم جہلم اور کوہالہ میں لگایا جانے والے پراجیکٹس اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں ۔بجلی کے ان منصوبوں سے پیدا ہونی والی روشنی ملک پاکستان اور آزادکشمیر کے گھر گھر کو روشن کرے گی ،مظفرآباد میرپور ایکسپریس وے اقتصادی راہداری کے ساتھ جڑ جائے گی،اس طرح اقتصادی راہدرای کا یہ بے مثال منصوبہ پاکستان اور آزادکشمیر کے قریہ قریہ کے لیے مستفید ثابت ہوگا۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کی مخالفت کرنے والے لوگوں نے پاکستان کی ترقی کے لیے کبھی کوئی منصوبہ نہیں بنایا انھوں نے ہمیشہ ترقی کی کاموں میں رکاوٹیں ہی ڈالی ہیں۔انھوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا جب میاں نواز شریف نے موٹر وے بنانے کا اعلان کیا تو لوگ یہ کہنا شروع ہوگے تھے کہ میاں نواز شریف یہ مہنگا منصوبہ اس لیے بنا رہے ہیں کہ وہ یہاں تیز رفتاری سے گاڑی دوڑا سکیں اور یہ باتیں کوئی افراد نہیں غلام اسحاق خان،محترمہ بے نظیر بھٹو اور فاروق لغاری جیسے لوگ کرتے تھے۔

میٹرو بس کی مخالفت عمران خان کرتے ہیں ،اقتصادی راہداری منصوبے میں روڑے پرویز خٹک اٹکاتے ہیں لیکن یہ ان سیاست دانوں کی غلطی نہیں ہے کیونکہ یہ میاں نواز شریف کے ترقی کے ویژن کے مقابلے کوئی سوچ سمجھ نہیں رکھتے۔میاں نوازشریف کو 20،30سال قبل جو بات پتا لگ گئی تھی وہ ان سیاست دانوں کو اب سمجھ آرہی ہے اور جو بات میاں نواز شریف آج کہہ رہے ہیں ان سیاست دانوں کو 20سال بعد وہ بات پتا چلے گی۔

ہاں ایک بات حوصلہ افزاء ضرور ہے کہ ان لوگوں کو میاں نواز شریف کا ترقی کا ویژن سمجھ آنا شروع ہوگیا ہے تب ہی تو کل تک چین کے صدر کو پاکستان آنے سے روکنے کے لیے جو عمران خان دھرنہ دیا بیٹھے تھے آج ان ہی کی جماعت کے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اقتصادی راہداری سے اپنا حصہ مانگ رہے ہیں ۔جوعمران خان کل تک میاں نواز شریف کی سڑکیں بنانے کی پالیسی پراعتراض کرتے تھے آج وہی خان صاحب پشاور میں سڑکوں اور پلوں کا افتتاح کرکے خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،اگر پاکستان ترقی کرے گا تو کشمیر بھی ترقی کرے گا۔پاکستان اور کشمیر کل ایک تھے ،آج ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔ صدر پریس کلب زاہد آصف سلطان اور سیکرٹری جنرل پریس کلب طارق لون نے بھی خطاب کیا اور پرویز رشید سمیت دیگر مہمانان گرامی کا پریس کلب آمد پر شکریہ ادا کیا۔ایوان صحافت کوٹلی کی روائت کے مطابق مہمانوں پرویز رشید کو ممبر گورننگ باڈی یاسر حسن ،ڈاکٹر آصف کرمانی کو صدر پریس کلب زاہد آصف سلطان اور راجہ فاروق حیدر خان کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل پریس کلب سردار نصیرنے تحائف پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :