یہودی مصنوعات کا جزوی بائیکاٹ کافی نہیں، یورپ صہیونی ریاست کا مکمل بائیکاٹ کرے، حماس

منگل 19 جنوری 2016 14:51

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) حماس نے یورپی یونین کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تیار کی جانیوالی اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعات کاجزوی بائیکاٹ کافی نہیں، یورپ صہیونی ریاست کا مکمل طورپر بائیکاٹ کرے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپ کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیل کے غیرقانونی کارخانوں میں تیار ہونیوالی مصنوعات پر بائیکاٹ کا ٹیگ لگانا مثبت سمت میں اہم قدم ہے مگر صہیونی ریاست کے مظالم، فلسطینیوں کیخلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم، فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی یہودی کالونیوں کے قیام میں یہ ر د عمل کافی نہیں ہے۔

حماس رہنماء نے کہا کہ یورپی یونین کے ممبرممالک انسانی حقوق کے پرچارک کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس لئے انصاف اور حریت کی اقدار کی پاسداری کرنیوالے یورپ کو فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر خود کو غیر جانبدار رکھنے کے بجائے صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کو بے نقاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کیساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی طرف سے ہم ایسے جاندار فیصلے کے منتظر ہیں جس میں فلسطینیوں کی سیاسی بلیک میلنگ کے بجائے ان کی حمایت پرمبنی اقدامات کئے جائیں۔ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں قراردادیں منظور کی جائیں اور ان قراردادوں پران کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :